پشاور: پارا چنار اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے انکشاف کیا ہے کہ ضلع کرم میں علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث گزشتہ دو ماہ کے دوران 29 بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ڈپٹی کمشنر جاویداللہ کے مطابق کرم میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تشکیل دیا گیا گرینڈ جرگہ آج دوبارہ شروع ہوگا۔
ضلع کرم کی اہم شاہراہیں، جن میں پشاور-پاراچنار مرکزی سڑک شامل ہے، گزشتہ 70 دنوں سے بند ہیں۔ ان بندشوں کی وجہ سے علاقے میں اشیائے خورونوش، پیٹرول، گیس، اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔یم ایس پارا چنار اسپتال کا کہنا ہے کہ طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مزید بچوں کی اموات کا خدشہ ہے، جبکہ ادویات اور دیگر سہولیات کی عدم فراہمی سے صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ضلع کرم میں قبائلی تنازع کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس کے بعد سے راستے بند ہیں۔ امن و امان کے قیام کے لیے بلایا گیا جرگہ اپنی پچھلی نشست میں کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تھا۔

