میلبورن / مانیٹرنگ ڈیسک: سابق بھارتی کرکٹر اور کپتان سنیل گواسکر نے میلبرن ٹیسٹ کے دوران رشبھ پنت کی شاٹ سلیکشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں "احمق" قرار دیا۔میلبرن میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھارت کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار تھی، جب رشبھ پنت 37 گیندوں پر 28 رنز بنا کر اچھی فارم میں دکھائی دے رہے تھے۔ تاہم، انہوں نے ایک غیر روایتی شاٹ کھیلتے ہوئے اپنی وکٹ گنوا دی، جس پر کمنٹری کے دوران سنیل گواسکر نے ان کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیا۔
سٹار اسپورٹس پر کھانے کے وقفے کے دوران گواسکر نے میچ کی صورتحال اور فیلڈ پلیسمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اس شاٹ کو "بیوقوفی" کہا۔ انہوں نے کہا، "آپ کے سامنے دو فیلڈرز موجود ہیں، پھر بھی آپ اسی شاٹ کو کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔"گواسکر کا مزید کہنا تھا کہ رشبھ پنت نے اس وقت بھارت کو مایوس کیا، جب ٹیم کو ان کی ضرورت تھی، اور ایک نامناسب شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔دوسری جانب، نتیش کمار ریڈی اور واشنگٹن سندر کی آٹھویں وکٹ پر شاندار شراکت نے بھارت کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا ہے۔ بھارت کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے صرف 100 رنز درکار ہیں، تاہم میچ بارش کے باعث روک دیا گیا ہے۔

