راولپنڈی/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج کی جانب سے افغان طالبان کی چیک پوسٹوں کا سہارا لے کر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، 20 سے 25 دہشتگردوں نے کرم اور شمالی وزیرستان کے راستے افغان طالبان کی چیک پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔
ذرائع کے مطابق، آج صبح دہشتگردوں نے افغان طالبان کے ساتھ مل کر پاکستانی چیک پوسٹوں پر بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کی۔ سیکیورٹی فورسز نے اس حملے کا بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں افغانستان کی جانب بھاری نقصانات کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔سیکیورٹی حکام کے مطابق، مؤثر جوابی کارروائی اور گولہ باری کے نتیجے میں افغان طالبان نے اپنی 6 چوکیاں چھوڑ دیں اور وہاں سے فرار ہو گئے۔ مزید نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ خوش قسمتی سے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، صرف 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے متعدد بار افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فتنہ الخوارج کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکا جائے، تاہم اس کے باوجود یہ دہشتگرد افغان سرزمین سے پاکستان میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

