اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب، ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کا پاکستان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ملیحہ لودھی نے جیو نیوز کے پروگرام "جیو پاکستان" میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے پابندیاں لگانا کوئی نئی بات نہیں ہے، اور اس طرح کے اقدامات سے پاکستان متاثر نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان نے جوہری پروگرام پر کام شروع کیا ہے، امریکا نے مختلف پابندیاں عائد کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے کبھی بھارت پر ایسی پابندیاں نہیں لگائیں، حالانکہ بھارت کا میزائل پروگرام کافی ترقی یافتہ ہے۔ یہ رویہ امریکا کی دوہری پالیسی کو ظاہر کرتا ہے، لیکن ان پابندیوں کا پاکستان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ پاکستان اب امریکا کی خارجہ پالیسی میں ترجیح نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسی میں چین کو اہمیت دی گئی، اور افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد سے پاک-امریکا تعلقات غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کی پاکستان کے ساتھ امتیازی پالیسی کو کوئی بھی پاکستانی قبول نہیں کرسکتا۔ پاکستان کے جوہری پروگرام پر نہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہونی چاہیے اور نہ ہی اس کی اجازت دی جانی چاہیے۔

