میلبورن/ مانیٹرنگ ڈیسک: آسٹریلیا نے بھارت کو بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں 184 رنز سے ہرا کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔ میلبورن میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ کے آخری روز بھارتی ٹیم 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 155 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی ۔ آسٹریلوی ٹیم نے دن کے کھیل کا آغاز 228 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو آخری وکٹ صرف چھ رنز کا اضافہ کرکے گر گئی۔ نیتھن لائن 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔
جسپریت بمرا نے پانچ جبکہ محمد سراج نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ بھارت کی دوسری اننگز میں بیٹنگ انتہائی مایوس کن رہی ۔ ویرات کوہلی ، کپتان روہت شرما، کے ایل راہول، ریشبھ پنت، رویندر جدیجا اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے نتین کمار ریڈی ایک کے بعد ایک کرکے آؤٹ ہوتے چلے گئے جبکہ 22 سالہ نوجوان اوپنر جیسوال نے پہلی اننگز میں 82 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
بھارتی ٹیم اننگز کے 80 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی ۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز اور بولینڈ نے تین تین جبکہ نیتھن لائن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔مچل سٹارک اور ٹراوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔ گزشتہ روز پاکستان کی شکست اور آج کا میچ ہارنے کے بعد بھارتی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے باہر ہو گئی ہے۔

