نئی دہلی / کراچی : بھارت نے یورپی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے باسمتی چاول کو اپنی پراڈکٹ قرار دینے اور پاکستان سے اس کی شناخت واپس لینے کی کوشش کی ہے۔اس سے قبل یورپی یونین نے بھارت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے باسمتی چاول کو پاکستان کی پراڈکٹ اور شناخت قرار دیا تھا۔ تاہم، اب بھارت نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے باسمتی چاول پر ملکیت حاصل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات اسلام آباد کے ساتھ اس کے بین الاقوامی تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ باسمتی چاول اپنی منفرد خصوصیات کی وجہ سے دنیا بھر میں خاص اہمیت رکھتا ہے، جو بریانی اور پلاؤ جیسے مشہور کھانوں میں استعمال ہوتا ہے۔یہ چاول پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں پیدا ہوتا ہے اور یورپ کو برآمد کیا جاتا ہے، لیکن بھارت نے باسمتی کو اپنا تجارتی نشان قرار دینے کی کوششیں کی ہیں، جن میں اسے پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔بھارت کے اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی چاول کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے بلکہ اس کی برآمدی مارکیٹ کو بھی بڑا نقصان پہنچ سکتا ہے۔

