ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کر دیں

0

 اسلام آباد: ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے کیس میں ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے انکشاف کیا کہ انہیں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو لکھے گئے خطوط واپس لینے کو کہا گیا۔ فوزیہ صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ ان کے خطوط متعلقہ دفاتر نے وصول کیے، جن پر دستخط بھی موجود ہیں، لیکن بعد میں واپس کر دیے گئے۔



جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، ان کے وکیل عمران شفیق، منور اقبال دوگل اور دیگر افراد پیش ہوئے۔ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔فوزیہ صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے صدر، وزیراعظم، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، وزارت داخلہ اور دفاع کو خطوط لکھے تھے اور خط کی واپسی کے ثبوت بھی عدالت میں پیش کیے۔ انہوں نے شکایت کی کہ ان کا پاسپورٹ واپس نہیں کیا جا رہا، حالانکہ ان کے پاس بی کیٹیگری ویزا موجود ہے۔


عدالت نے وزارت خارجہ کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا پاسپورٹ واپس کرنے اور امریکی ویزا کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ کو ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔


پاکستانی وفد کی کارکردگی پر برہمی


امریکا میں عافیہ صدیقی کے وکیل کلائیو اسمتھ نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی وفد، جس میں سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سینیٹر طلحہٰ اور دیگر شامل ہیں، پانچ روز کی تاخیر سے امریکا پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفد کا قیام آج مکمل ہو رہا ہے، لیکن پاکستانی سفیر نے عافیہ سے ملاقات کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔


عدالت نے سوال کیا کہ کیا آج عافیہ صدیقی سے ملاقات ہوگی؟ وکیل اسمتھ نے بتایا کہ ملاقات صبح ہوگی۔ عدالتی معاون نے آگاہ کیا کہ ڈاکٹر فوزیہ کے ویزا کی درخواست اسی دن مسترد کر دی گئی جب وہ جمع کرائی گئی، جبکہ وزارت خارجہ کے نمائندے نے بتایا کہ ویزا پراسیس میں ہے۔


حکومت اور وزارت خارجہ کی کارکردگی پر عدالت کا اظہارِ ناراضی


جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے وزارت خارجہ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ نے معاملات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ انہوں نے وزارت خارجہ سے پیرا وائز کمنٹس اور مکمل رپورٹ طلب کی کہ کیوں پاکستانی سفارتخانے نے فعال کردار ادا نہیں کیا۔


نمائندہ وزارت خارجہ نے وضاحت کی کہ ڈاکٹر فوزیہ کا ویزا امریکی ایمبیسی نے ابھی تک منظور نہیں کیا، لیکن جلد منظور ہونے کی امید ہے۔ عدالت نے سیکرٹری وزارت خارجہ کو ڈاکٹر فوزیہ کے ویزا کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کیس کی سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کر دی۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !