نئی دہلی: شادی کے دعوت نامے عموماً مہمانوں کو عزت و احترام سے مدعو کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، لیکن بھارت میں ایک شادی کے لیے جاری کردہ کارڈ نے منفرد انداز اور طنزیہ جملوں سے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر وائرل اس کارڈ کی تصویر نے انٹرنیٹ صارفین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ کارڈ کی ابتدا ہی طنزیہ انداز میں کی گئی، جہاں لکھا گیا:
"ہماری شادی میں آپ کی موجودگی ضروری ہے، کیونکہ آپ نہ آئے تو کھانے کی برائی کون کرے گا؟"
کارڈ کی دلچسپ تفصیلات
دلہن کا نام "شرما جی کی لڑکی" (جو پڑھائی میں تیز ہے) اور دولہا کا نام "گوپال جی کا لڑکا" (بی ٹیک کے بعد دکان سنبھالنے والا) لکھا گیا۔
شادی کی تاریخ 5 جنوری 2025 درج ہے، ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا کہ "ٹنکو" کے امتحانات اسی دن ختم ہو رہے ہیں۔
ریسیپشن کے دعوت نامے میں مزید طنز شامل ہے:
"شادی ہو گئی، اب باری ہے بوا اور پھوپھاجی کے جھگڑے کی۔ شادی کا ہینگ اوور ختم نہیں ہوا، ریسیپشن کا ڈرامہ دیکھنے ضرور آئیں!"
مہمانوں کے لیے گائیڈ لائنز
کارڈ میں مہمانوں کو مختلف ہدایات دی گئیں، جن میں شامل ہیں:
1. "اپنے بچوں کو قابو میں رکھیں، شادی کا اسٹیج ان کا کھیل کا میدان نہیں ہے۔"
2. "ریسیپشن میں آ کر پھوپھا اور پھوپھی جی سے ضرور ملیں، ورنہ ان کا منہ گول گپے جیسا پھول جائے گا۔"
3. "کھانے کے بعد ہی جائیں، کیونکہ ایک پلیٹ کا ریٹ صرف 2000 روپے ہے۔"
4. "براہ کرم تحفے نہ لائیں، صرف گوگل پے یا نقد دیں، کیونکہ پہلے ہی 7 ڈنر سیٹ اور 20 فوٹو فریمز آ چکے ہیں۔"
یہ منفرد دعوت نامہ اپنے منفرد انداز، طنز اور بے باک جملوں کی وجہ سے انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو رہا ہے اور لوگ اس پر تبصرے کر کے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔



.jpg)