انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے طویل عرصے سے جاری تنازع کو ختم کرتے ہوئے پاک بھارت فیوژن فارمولے کا اعلان کر دیا ہے۔آئی سی سی بورڈ نے اس فارمولے کی منظوری دے دی ہے، جو چیمپئنز ٹرافی، ویمنز ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے ایونٹس پر لاگو ہوگا۔معاہدے کے تحت چیمپئنز ٹرافی کے 8 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں بھارت کے میچز کسی غیر جانبدار مقام پر منعقد ہوں گے۔ اس کے بدلے، بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کے ایونٹس کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی جلد ہی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول جاری کرے گا۔
آئی سی سی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ پاکستان کو 2028 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی دی گئی ہے، جو کہ اگلے سائیکل کا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔ اس ایونٹ میں بھی پاک بھارت فیوژن فارمولا لاگو ہوگا، حتیٰ کہ ناک آؤٹ میچز پر بھی یہ اصول نافذ رہے گا۔مزید برآں، 2027 تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹس کے میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلیں گی۔ ان وینیوز کا انتخاب میزبان بورڈ کرے گا۔واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ 2025 اور مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی بھارت کے پاس ہے۔ تاہم، پاک بھارت معاہدے کو آئی سی سی بورڈ سے باضابطہ منظوری دی جائے گی۔آئی سی سی نے ایک سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تجویز پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے، جس میں پاکستان، بھارت، اور کسی ایشیائی فل ممبر یا ایسوسی ایٹ ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ سیریز بھی نیوٹرل وینیو پر منعقد ہوگی اور اسے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے میچز کی میزبانی نہ ملنے کے ازالے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

