ایڈیلیڈ/ مانیٹرنگ ڈیسک: آسٹریلوی باؤلر مچل سٹارک نے ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی پہلی اننگز میں تباہ کن گیند بازی کرتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔۔جبکہ وہ بھارت کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں بھی چھ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں ۔ طویل قامت لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر بھارت کے خلاف یہ منفرد اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے باؤلر بن گئے ہیں ۔ ان سے قبل دو سری لنکن فاسٹ باؤلر اینجیلو میتھیوز اور متھایا مرلی دھرن بھی بھارت کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے اننگ میں چھ چھ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں
تاہم ان تین باؤلرز سے بھی بہت پہلا یہ شاندار اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈ کرکٹر عمران خان تھے وہ نہ صرف اس فہرست میں سب سے اولین ترین باؤلر ہیں بلکہ عمران خان کا ریکارڈ ان تین باؤلرز سے اس اعتبار سے بھی کہیں زیادہ بہتر ہے کہ انھوں نے ون ڈے میچ میں ایک بار اور ٹیسٹ کی ایک اننگ میں تین بار چھ چھ بھارتی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔حیران کن بات یہ ہے کہ 1992 میں عمران خان کی ریٹائرمنٹ سے لے کر کوئی بھی دوسرا باؤلر یہ ریکارڈ نہیں توڑ سکا ۔عمران خان اپنے ماضی کے ایک انٹرویو میں بتا چکے ہیں کہ بھارت کو وہ اپنا پسندیدہ ترین حریف سمجھتے تھے اور بھارت کے خلاف ہمیشہ پورے جوش کے ساتھ اور جان لڑاتے ہوئے کرکٹ کھیلتے تھے۔۔یہی وجہ ہے کہ عمران خان کا اپنا اور ان کے دور میں پاکستان کا ریکارڈ بھارت کے خلاف انتہائی شاندار رہا۔

