ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ نے ماضی کی مشہور اداکارہ ریکھا اور ان کی خاتون مینیجر فرزانہ کے مبینہ تعلقات کے حوالے سے دعوے کرکے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ریکھا، بالی وڈ کی ان چند کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے انڈسٹری کو کئی یادگار اور بلاک بسٹر فلمیں دیں۔ تاہم، ان کی ذاتی زندگی، خاص طور پر ازدواجی تعلقات، ان کے فلمی کیرئیر جیسی کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
ماضی میں، ریکھا اور امیتابھ بچن کے تعلقات کے چرچے بھی خوب ہوئے، لیکن یہ رشتہ زیادہ عرصے تک قائم نہ رہ سکا۔ اس ناکامی کے بعد، ریکھا نے بزنس مین مکیش اگروال سے شادی کی۔ لیکن، مکیش کی خودکشی کے بعد، ریکھا نے دوبارہ شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
حالیہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریکھا کی شادی نہ کرنے کی بڑی وجہ ان کی مینیجر فرزانہ ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، فرزانہ کو ریکھا نے اپنے شوہر مکیش اگروال کی زندگی کے دوران بطور مینیجر رکھا تھا، لیکن مکیش کی خودکشی کے بعد وہ ریکھا کے مزید قریب آگئیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرزانہ کا ریکھا کی زندگی میں ایک خاص مقام ہے، اور وہ ہمیشہ ان کے ساتھ نظر آتی ہیں۔ فرزانہ شوبز انڈسٹری کا حصہ تو نہیں، لیکن ان کے والد پروڈکشن کنٹرولر تھے، اور وہ خود ڈائریکٹر بننے کی خواہشمند تھیں۔ ریکھا اور فرزانہ کی پہلی ملاقات ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی، جس کے بعد ریکھا نے انہیں اپنا مینیجر مقرر کیا۔ تب سے لے کر آج تک، 30 سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود، فرزانہ ان کے لیے کام کر رہی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جب فرزانہ کی والدہ بیمار تھیں، تو وہ دن کے وقت ان کی دیکھ بھال کرتی تھیں لیکن رات ریکھا کے ساتھ ہی گزارتیں۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرزانہ ریکھا سے بے حد متاثر ہیں اور اپنی زندگی ان کے نام کر چکی ہیں۔

