بھارتی ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار دلیپ شنکر ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، دلیپ شنکر کی لاش اتوار کو کیرالہ کے شہر تھرواننتھاپورم کے ایک ہوٹل کے کمرے سے برآمد ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق، دلیپ نے 19 دسمبر کو ہوٹل میں چیک ان کیا تھا اور اس دوران وہ کمرہ چھوڑ کر کبھی باہر نہیں گئے۔ اداکاروں کے دوستوں نے انہیں متعدد بار فون کیا، مگر رابطہ نہ ہونے پر وہ اتوار کو ہوٹل پہنچے اور عملے سے دلیپ کا کمرہ کھولنے کو کہا۔ جب کمرہ کھولا گیا، تو دلیپ کی لاش وہاں موجود تھی۔ شو کے ڈائریکٹر نے پولیس کو بتایا کہ دلیپ کسی بیماری میں مبتلا تھے، تاہم اس بیماری کی نوعیت ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، دلیپ کی موت میں کوئی مشکوک بات نہیں پائی گئی، اور پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال کوئی سازش یا غیر فطری عوامل کے آثار نہیں ہیں۔ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد واضح ہوگی۔

