دوبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھارت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پیش کردہ تجویز کو مسترد کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ڈیڈلاک برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق، دبئی میں آج ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ نئی تاریخ 7 دسمبر مقرر کی گئی ہے، تاہم یہ اجلاس اس وقت ہوگا جب بھارت پاکستان کے مؤقف پر اپنا جواب دے گا۔ آج کی میٹنگ، جو شیڈول کے مطابق شروع ہونے والی تھی، بھارتی کرکٹ بورڈ کے جواب نہ دینے کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا ہے کہ اجلاس تب ہی طلب کیا جائے جب کسی فیصلے تک پہنچنا ممکن ہو۔ بورڈ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پہلے بھارت سے حتمی جواب لیا جائے، اس کے بعد ہی کوئی بات چیت ممکن ہوگی۔
یہ تنازع چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد اور میزبانی کے حقوق سے متعلق ہے، جس پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں۔

