پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے نیوٹرل وینیو کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے سربراہ شیخ النہیان المبارک سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات گزشتہ شب گھوٹکی میں شیخ النہیان کے خصوصی خیمے میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے نیوٹرل وینیو کے معاملے پر اتفاق کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھارت کے میچز کے لیے متحدہ عرب امارات کو نیوٹرل وینیو کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے شیڈول کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں ہوا، لیکن ممکنہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلہ 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا۔

