سورت، ںھارت / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارت میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے اپنے رشتے دار کی ڈائمنڈ کمپنی میں کمپیوٹر آپریٹر کی ملازمت سے بچنے کے لیے اپنے بائیں ہاتھ کی چار انگلیاں خود ہی کاٹ ڈالیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گجرات کے شہر سورت میں پیش آیا۔ 30 سالہ مایور تاراپارا نے ابتدائی طور پر پولیس کو بتایا کہ وہ سڑک کنارے بے ہوش ہوگیا تھا اور ہوش میں آنے پر اس کے بائیں ہاتھ کی چار انگلیاں کٹی ہوئی تھیں۔ تاہم تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا کہ اس نے خود یہ اقدام کیا تھا۔
پولیس کے مطابق مایور کو اپنے رشتے دار کو یہ بتانے کی ہمت نہیں ہوئی کہ وہ ان کی کمپنی میں مزید کام نہیں کرنا چاہتا، اس لیے اس نے اپنی انگلیاں کاٹ کر خود کو ملازمت کے لیے نااہل بنا لیا۔ وہ ڈائمنڈ فرم کے اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ میں کمپیوٹر آپریٹر کے طور پر کام کر رہا تھا۔
مایور نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ 8 دسمبر کو وہ موٹر سائیکل پر دوست کے گھر جا رہا تھا جب اچانک چکر آنے پر وہ بے ہوش ہوگیا، اور ہوش میں آنے کے بعد اس کی انگلیاں غائب تھیں۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا کہ یہ انگلیاں کالے جادو کے لیے کاٹی گئی ہیں اور کوئی انہیں ساتھ لے گیا۔
معاملے کی تحقیقات کرائم برانچ کے سپرد کی گئیں، جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کے ذریعے مایور کے خود اس واقعے میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔
مایور نے اعتراف کیا کہ اس نے ایک دکان سے تیز دھار چاقو خریدا، اپنی موٹر سائیکل رنگ روڈ کے قریب پارک کی اور رات 10 بجے کے قریب اپنے بائیں ہاتھ کی چار انگلیاں کاٹ دیں۔ خون بہنے سے بچنے کے لیے اس نے کہنی کے قریب رسی باندھی اور کٹی ہوئی انگلیاں اور چاقو ایک تھیلے میں ڈال کر پھینک دیا۔
پولیس نے تفتیش کے دوران 3 انگلیاں اور چاقو برآمد کر لیے، جبکہ واقعے کے بعد مایور کے دوست اسے اسپتال لے گئے۔

