نئی دہلی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع مین پوری کے ایک نجی اسپتال میں پیش آیا، جہاں دل میں شدید درد کی شکایت پر ایک بزرگ خاتون کو علاج کے لیے لایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے مریضہ کی جانب توجہ دینے کے بجائے سوشل میڈیا پر ویڈیوز دیکھنے میں وقت گزارا، جس کے نتیجے میں 60 سالہ پرویش کماری نامی خاتون جانبر نہ ہو سکیں۔ اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں یہ غفلت ریکارڈ ہوئی، جس میں واضح طور پر دکھایا گیا کہ خاتون بے سہارا پڑی تھیں جبکہ ڈاکٹر نے کوئی مدد فراہم نہیں کی۔ مریضہ کو دیکھنے کی کوشش نرس اور دیگر عملے نے کی، لیکن فوری علاج نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کی زندگی ختم ہو گئی۔
خاتون کی موت کے بعد ان کے بیٹے نے احتجاج کیا، جس پر ڈاکٹر نے بیٹے کو تھپڑ مار دیا، اور دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

