لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے تصدیق کی ہے کہ اوپنر صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کریں گے۔
ایک نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گزشتہ روز صائم ایوب سے فون پر خیریت دریافت کی تھی۔ صائم نے بتایا کہ انہیں مکمل صحت یابی میں مزید تین ہفتے لگیں گے، جس کے بعد ان کا ری ہیب کا عمل شروع ہوگا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ انہوں نے صائم کو بڑے بھائی اور کرکٹر کی حیثیت سے مشورہ دیا کہ اگر ذرا بھی تکلیف ہو تو جلدی کرنے کے بجائے مکمل آرام کریں تاکہ انجری مزید پیچیدہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کی موجودہ فارم میں انجری کے باعث ٹیم کو نقصان ہوا ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس ان کا بیک اپ موجود نہیں۔
سابق آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں میچ ووننگ کھلاڑی کم ہیں، اسی لیے بیک اپ کھلاڑیوں کی تیاری ضروری ہے۔ تاہم، انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھائے گی۔
واضح رہے کہ صائم ایوب کا نام چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ان کی میڈیکل رپورٹس کا انتظار کر رہا ہے تاکہ ان کی شرکت کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
صائم ایوب کی غیر موجودگی میں اوپنرز فخر زمان اور امام الحق کی واپسی کا امکان ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ورلڈکپ 2023 کے دوران ٹیم کی کئی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے دن صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ ابتدائی تشخیص میں انہیں چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا تھا۔

