ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی چیمپئنز ٹرافی کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آمد سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا کا بیان سامنے آیا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے نومنتخب سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے ابھی تک کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی ہے، اور یہ موضوع آئی سی سی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا حصہ بھی نہیں رہا۔
دیواجیت سائیکیا نے مزید کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے، جس پر تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی متفقہ راستہ نکالنا ہوگا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان، ٹورنامنٹ کے میزبان ہونے کے ناطے، اس صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل تمام ٹیموں کے کپتانوں کا روایتی میڈیا سیشن پاکستان میں ہوگا، جبکہ افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی یہیں کیا جائے گا، جس میں ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا۔

