ملتان / مانیٹرنگ ڈیسک: دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان خود ویسٹ انڈیز کے لیے بچھائے گئے اسپن جال میں پھنس گیا۔ ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے 163 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم محض 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس سے مہمان ٹیم کو 9 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستانی ٹیم بھی ویسٹ انڈیز کی طرح ابتدا میں مشکلات کا شکار ہوئی۔ ابتدائی چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے کچھ دیر مزاحمت کی، مگر ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 154 رہا۔ محمد ہریرہ 9، بابر اعظم 1، شان مسعود 15 اور کامران غلام 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل نے 32 اور محمد رضوان نے 49 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کاشف علی اور نعمان علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل واریکن نے 4، گداکیش موٹی نے 3 اور کیمار روچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں اسپنرز کا راج
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز کریگ بریتھویٹ اور مائیکل لوئس نے کیا، لیکن 8 کے مجموعے پر ڈیبیو کرنے والے کاشف علی نے لوئس کو کیچ آؤٹ کیا۔ بعد ازاں، ساجد خان نے عامر جنگو کی وکٹ لی جبکہ نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو مسلسل آؤٹ کیا اور ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔نعمان علی نے مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے۔ ویسٹ انڈیز کے 7 بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے جبکہ 4 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ مہمان ٹیم کے لیے گداکیش موٹی 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں 127 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی اور سیریز میں ایک صفر کی برتری برقرار رکھی۔

