اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک غیر ملکی ایئرلائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔ذرائع کے مطابق دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز کی لینڈنگ کے دوران رن وے پر اچانک کتا آ گیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے صورتحال کے پیش نظر طیارے کے کپتان کو فوری طور پر آگاہ کیا۔ کپتان نے ہدایت پر عمل کرتے ہوئے لینڈنگ مؤخر کی اور طیارے کو چکر لگوایا۔ بعد ازاں، دوسری کوشش میں طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ طیارے میں 250 سے زائد مسافر سوار تھے۔
ترجمان ایئرپورٹ کے مطابق، رن وے پر ایک جانور کی موجودگی کی اطلاع ٹیکسی کرنے والے ایک پائلٹ نے دی تھی۔ چونکہ غیر ملکی طیارہ لینڈنگ کے قریب تھا اور رن وے کی فوری جانچ کا وقت نہیں تھا، اس لیے احتیاطاً طیارے کو لینڈنگ سے روک کر گُو اراؤنڈ کروایا گیا۔ رن وے کلیئر ہونے کی تصدیق کے بعد ہی طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔

