ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق، خراب فارم کے باوجود ویرات کوہلی اور روہت شرما بھارتی ٹیم کا حصہ رہیں گے، اور دونوں کھلاڑیوں کی جگہ خطرے میں نہیں ہے۔ بی سی سی آئی ذرائع نے بتایا کہ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ ہوگی، لیکن کسی کھلاڑی کو ٹیم سے نکالنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، سیریز میں بلے بازوں کی ناکامی پر کوچ کو بھی ہٹانے کا ارادہ نہیں ہے۔ گوتم گمبھیر بدستور کوچ رہیں گے، جبکہ ویرات کوہلی اور روہت شرما انگلینڈ سیریز میں کھیلیں گے، اور ٹیم کی توجہ اب چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے رواں سال کا اختتام ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بدترین سیزن کے ساتھ کیا۔ ٹیم انڈیا پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سال بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، جو ٹیم انڈیا کے لیے پہلا موقع تھا کہ اسے 3-0 کی شکست ہوئی۔ اس کے علاوہ، بھارت 10 سال بعد بارڈر گاوسکر ٹرافی بھی ہار گیا۔
کپتان روہت شرما کی فارم خاص طور پر آسٹریلیا کے خلاف انتہائی خراب رہی، جہاں انہوں نے پانچ اننگز میں صرف 31 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی نے پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی، لیکن بقیہ میچوں میں ایک بھی نصف سنچری نہیں بنا سکے اور نو اننگز میں 23.95 کی اوسط سے صرف 190 رنز اسکور کیے۔ کوچ گوتم گمبھیر کے لیے بھی یہ ایک مایوس کن ڈیبیو رہا۔ اس سے قبل، بھارت نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ناقص کارکردگی دکھانے کے علاوہ، سری لنکا کے خلاف 27 سال بعد دو طرفہ ون ڈے سیریز بھی ہار چکا ہے۔

