گال / مانیٹرنگ ڈیسک: اسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے اپنی 35 سالگرہ کے دن نیا سنگ میل عبور کرکے اسے یادگار بنادیا۔گالے میں سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوران مچل اسٹارک نے سری لنکن اوپنر کرونارتنے کو آؤٹ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 700 ویں وکٹ مکمل کی۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چھٹے تیز ترین بولر بن گئے، جنہوں نے یہ سنگ میل 373 اننگز میں عبور کیا۔
سب سے تیز 700 وکٹیں لینے والوں میں سری لنکا کے سابق اسپنر مرلی دھرن پہلے نمبر پر ہیں، جنہوں نے یہ کارنامہ 308 اننگز میں انجام دیا۔ بھارت کے روی چندرن ایشون نے 351 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرکے دوسرا نمبر حاصل کیا، جبکہ آسٹریلیا کے شین وارن 354 اننگز میں تیسرے، پاکستان کے وقار یونس 355 اننگز میں چوتھے اور آسٹریلیا کے گلین میک گرا 358 اننگز میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
بریٹ لی نے 381 اننگز میں 700 وکٹیں حاصل کرکے ساتواں، پاکستان کے وسیم اکرم نے 382 اننگز میں آٹھواں اور بھارت کے انیل کمبلے نے 389 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرکے نواں نمبر حاصل کیا۔
یاد رہے کہ مچل اسٹارک نے 2010 میں آسٹریلیا کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا اور اب تک ٹیسٹ میں 377، ون ڈے میں 244 اور ٹی ٹوئنٹی میں 79 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

