ڈھاکہ/ مانیٹرنگ ڈیسک: بنگلہ دیش کے مشہور کرکٹر اور سابق کپتان، تمیم اقبال نے ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔یہ دوسرا موقع ہے جب تمیم اقبال نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے جولائی 2023 میں انہوں نے کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن 24 گھنٹے بعد اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔اس بار تمیم نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک بیان کے ذریعے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اس کرکٹر نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں اور یہ ان کے کیریئر کا اختتام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بارے میں وہ کافی وقت سے غور کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیسے اہم ایونٹ کے قریب آنے کے باوجود وہ خود کو کسی بحث کا حصہ نہیں بنانا چاہتے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ پہلے ہی کافی عرصے سے بی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے الگ ہو چکے تھے۔ ان کے مطابق، کھیل جاری رکھنے یا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہر ایتھلیٹ کا ذاتی ہوتا ہے۔تمیم نے بتایا کہ کپتان نظم الحسین شنتو نے ان کی واپسی پر نیک نیتی سے بات کی اور سلیکشن کمیٹی نے بھی ان سے مشورہ کیا، لیکن انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا تھا۔ انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی اہمیت کو تسلیم کیا۔تمیم اقبال نے اپنے فیصلے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔اد رہے کہ تمیم نے 2007 میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی، جبکہ 2008 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 70 ٹیسٹ میچز میں 5,134، 243 ون ڈے میچز میں 8,357، اور 78 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 1,758 رنز بنائے۔

