لاس اینجلس / مانیٹرنگ ڈیسک: لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے معروف اداکار جیمز ووڈ کا گھر بھی تباہ کر دیا۔ اس آتشزدگی کے نتیجے میں شہر کے شمالی حصوں، خاص طور پر پیسیفک پیلیسیڈز جیسے مشہور علاقے میں کئی گھروں کو نقصان پہنچا، جہاں شوبز شخصیات کے قیمتی مکان بھی متاثر ہوئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جیمز ووڈ کا گھر ان میں شامل تھا جو اس آتشزدگی کا شکار ہوئے۔ 2 مرتبہ آسکر کے لیے نامزد اور 3 مرتبہ ایمی ایوارڈز جیتنے والے اداکار نے سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں روتے ہوئے کہا، "ایک دن آپ سوئمنگ پول میں نہا رہے ہوتے ہیں اور اگلے دن سب کچھ ختم ہو جاتا ہے۔" تاہم، سوشل میڈیا پر جیمز ووڈ کو ہمدردی کے بجائے صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جنہوں نے اسے یاد دلایا کہ وہ سابقہ میں اسرائیل کے غزہ میں کیے جانے والے جنگی اقدامات کی حمایت کر چکے ہیں۔

