لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک:ملک میں بارش کا سبب بننے والا موسمی نظام کب داخل ہوگا، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی جاری کر دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور سمیت پنجاب کے تمام علاقوں میں خشک موسم برقرار ہے، جبکہ آج صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ دھند کی شدت کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ سکتا ہے۔
کئی مقامات پر دھند کے باعث حد نگاہ صرف 50 میٹر تک محدود ہو گئی ہے۔لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پاکستان میں بارش لانے والا موسمی نظام 14 جنوری کو داخل ہوگا۔ اس سسٹم کی آمد سے بارش کا آغاز ہوگا، جس کے بعد دھند کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔

