لندن / مانیٹرنگ ڈیسک: چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی کے سربراہ سام آلٹمین پر ان کی بہن نے جسمانی بدسلوکی کا الزام لگاتے ہوئے امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، سام آلٹمین کی بہن این آلٹمین نے دعویٰ کیا ہے کہ 1997 سے 2006 کے درمیان سام نے ان کے ساتھ بارہا جسمانی بدسلوکی کی۔ این آلٹمین کے مطابق یہ بدسلوکی اس وقت شروع ہوئی جب وہ صرف 3 سال کی تھیں اور سام آلٹمین کی عمر 12 سال تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سام نے ان کی "سیکچوئل گرومنگ" کی اور ان کا کئی سالوں تک استحصال کیا، جس کے نتیجے میں وہ جسمانی چوٹوں، شدید تکلیف اور ڈپریشن کا شکار ہوئیں۔
سام آلٹمین نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔ اپنی والدہ اور بھائیوں کے ساتھ جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی بہن ذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا ہیں اور یہ الزامات بے بنیاد ہیں۔ سام کا کہنا تھا کہ "ذہنی چیلنجز کا سامنا کرنے والے کسی فرد کی مدد کرنا بہت مشکل کام ہوتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی بہن کو مالی امداد فراہم کرتے ہیں، مگر ان کی بہن مزید رقم کا مطالبہ کرتی ہیں، جس نے خاندان کے لیے مسائل پیدا کر دیے ہیں۔

