لاہور/مانیٹرنگ ڈیسک: لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور تعمیراتی کام چار ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے، اور اب یہ شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
تزئین و آرائش کے بعد اسٹیڈیم کی گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے، جہاں پہلے 24 ہزار افراد کے بیٹھنے کی جگہ تھی، اب مزید 10 ہزار نشستوں کا اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح 34 ہزار سے زائد شائقین بیک وقت میچ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بتایا کہ 7 فروری کو وزیر اعظم اسٹیڈیم کا باضابطہ افتتاح کریں گے، اور اس سے پہلے اسٹیڈیم کے تمام کام مکمل ہو جائیں گے۔

