لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اسکواڈ میں گزشتہ سال جنوبی افریقا میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے مقابلے میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عبداللہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب، اور سفیان مقیم کو اسکواڈ سے باہر کر کے ان کی جگہ فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ، اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے۔
15 رکنی اسکواڈ میں بیٹرز میں بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، اور طیب طاہر شامل ہیں، جبکہ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، خوشدل شاہ، اور سلمان علی آغا (نائب کپتان) شامل کیے گئے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹرز میں محمد رضوان (کپتان) اور عثمان خان اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ بولنگ لائن اپ میں اسپنر ابرار احمد کے ساتھ فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، اور محمد حسنین کو شامل کیا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں منعقد ہوگی۔ پی سی بی کے پاس اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے 11 فروری تک کا وقت ہے، جس کے بعد کوئی بھی تبدیلی صرف طبی بنیادوں پر آئی سی سی ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے ممکن ہوگی۔ یہی اسکواڈ چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی اور لاہور میں ہونے والی سہ ملکی ون ڈے سیریز میں بھی شرکت کرے گا، جس میں پاکستان کے ساتھ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 19 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گا۔

1730611762-0.png)