ملتان/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان نے ملتان ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دی اور 20 سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم 251 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دوسری اننگز میں صرف 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔پاکستانی بولرز نے اس میچ میں دونوں اننگز کے دوران مجموعی طور پر 371 گیندیں کرائیں، جو کسی بھی ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بولرز کی سب سے کم گیندوں کے ساتھ میچ جیتنے کی کارکردگی ہے۔ اس سے پہلے 2005 میں بنگلادیش کے خلاف اسی گراؤنڈ پر پاکستانی بولرز نے 494 گیندوں میں فتح حاصل کی تھی۔
اس میچ کے دوران 34 سال پرانا ایک اور ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ چاروں اننگز میں مجموعی طور پر 1064 گیندیں کروائی گئیں، جو پاکستان میں کسی نتیجہ خیز ٹیسٹ میچ میں سب سے کم گیندوں کی تعداد ہے۔ اس سے قبل 1990 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ میچ میں 1048 گیندوں کے اندر نتیجہ سامنے آیا تھا۔

