اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی تبدیلی کی خبروں کو محض افواہیں قرار دیا ہے۔ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ مذاکرات نہ ہونے کی بنیادی وجہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر کمیشن نہ بننا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایم این اے صاحبزادہ حامد رضا کے مدرسے پر چھاپا مارا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی تبدیلی سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے عمر ایوب نے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کو پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صدارت سے ہٹانے کے بعد جنید اکبر کو صدر بنایا گیا تھا، جس کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی تبدیلی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم پی ٹی آئی قیادت نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

