اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مختلف کارروائیوں کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران جعلی ویڈیو بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں سائبر کرائم ونگ کی ٹیم نے فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور ملتان میں کیں۔ حکام کے مطابق مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، جب کہ ملزمان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ فیصل آباد میں شاہد شریف کی شکایت پر انکوائری نمبر 169 درج کی گئی تھی، جس کے بعد ملزم شہزاد منور کے خلاف مقدمہ نمبر 7/24 قائم کیا گیا۔ یہ ملزم مبینہ طور پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے تیار کردہ توہین آمیز مواد کو غیر ملکیوں کے خلاف شیئر کرنے میں ملوث پایا گیا ہے۔
تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ مذکورہ مواد پاکستان کے معزز شخصیات اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کے تحت وائرل کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اے آئی سے بنائے گئے اس مواد کی تکنیکی رپورٹ بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

