فیصل آباد کے چلڈرن اسپتال میں لیڈی گارڈ کے ساتھ مبینہ ریپ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب متاثرہ خاتون نے انصاف نہ ملنے پر خود سوزی کی کوشش کی۔ لیڈی گارڈ کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ ایک ڈاکٹر نے نوکری سے نکالنے کی دھمکیاں دے کر اسے متعدد بار ریپ کا نشانہ بنایا اور اس دوران ویڈیوز بھی بنائیں۔ خاتون کے مطابق جب اس نے ڈی ایم ایس کو شکایت کی تو انہوں نے بھی اسے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، جبکہ گارڈ سپروائزر اور ایک ساتھی نے اسے کمرے میں بند کرکے ریپ کی کوشش کی۔
ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے تمام واقعات کی اطلاع پولیس کو دی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ متاثرہ خاتون نے یہ بھی بتایا کہ اس کے شوہر نے بدنامی کے خوف سے قانونی کارروائی سے منع کیا، جس کی وجہ سے اس نے مایوس ہوکر خود سوزی کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

