لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ میچز 17 سے 21 جنوری اور 25 سے 29 جنوری تک ملتان میں کھیلے جائیں گے۔جنوبی افریقا کے دورے پر جانے والی ٹیم میں سات تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، محمد رضوان، نعمان علی، اور سلمان علی آغا کو برقرار رکھا گیا ہے۔
اسپن ڈپارٹمنٹ کو مضبوط کرنے کے لیے آف اسپنر ساجد خان، لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی، اور لیگ اسپنر ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔ زخمی صائم ایوب اور آؤٹ آف فارم عبداللہ شفیق کی جگہ امام الحق اور محمد ہریرہ کو واپس اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔عامر جمال، محمد عباس، میر حمزہ، اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے۔ خرم شہزاد کو برقرار رکھتے ہوئے محمد علی کو دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، اور پہلی بار کاشف علی کو شامل کیا گیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ کی غیر موجودگی میں شاہینز کے کپتان اور پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان روحیل نذیر کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، امام الحق، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر/بیٹر)، نعمان علی، روحیل نذیر (وکٹ کیپر/بیٹر)، ساجد خان، اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

