نئی دہلی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کرکٹ کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اپنی اہلیہ، اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ ایک پنڈت کے دربار پر حاضر ہوئے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویرات اور انوشکا روحانی پیشوا پریمانند مہاراج کو خراج عقیدت پیش کرتے اور دعائیں مانگتے نظر آ رہے ہیں۔ انوشکا کو مہاراج سے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہتے سنا گیا کہ پچھلی بار یہاں آنے پر ان کے ذہن میں کچھ سوالات تھے، جن کے جواب ایسے ملے جیسے وہ مہاراج سے اپنے دماغ میں بات کر رہی ہوں۔ مہاراج نے دونوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کے طرزِ زندگی اور بچوں کی پرورش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اتنی کامیابی حاصل کرنے کے باوجود عقیدت کا راستہ اپنانا ایک بہادری کا عمل ہے۔
کرکٹر اور اداکارہ کے ساتھ ان کے بچے وامیکا اور آکائے بھی موجود تھے۔ تاہم، ویرات کوہلی کے اچانک اس دورے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے، خاص طور پر اس وقت جب بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کے اعلان اور بارڈر-گواسکر ٹرافی میں کوہلی کی ناقص کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔کوہلی نے آسٹریلیا کے دورے پر پانچ ٹیسٹ میچوں میں 23.75 کی اوسط سے صرف 190 رنز بنائے تھے، جس میں ایک سنچری شامل تھی۔ اس سے قبل، گھریلو ٹیسٹ سیزن بھی کوہلی کے لیے مشکل رہا، جہاں وہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں 21.33 کی اوسط سے 190 رنز ہی بنا سکے تھے۔

