نئی دہلی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارت میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بندر نے دسویں جماعت کی طالبہ کو دھکا دے کر چھت سے گرا دیا، جس کے نتیجے میں لڑکی جان کی بازی ہار گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے گاؤں مگھر میں پیش آیا۔ پریا کماری نامی طالبہ سرد موسم کی وجہ سے چھت پر دھوپ میں بیٹھ کر پڑھائی کر رہی تھی کہ بندروں کا ایک گروہ چھت پر پہنچ گیا۔ بندروں کو دیکھ کر پریا خوفزدہ ہوگئی اور گھر کے اندر جانے کی کوشش کی۔ محلے والوں کے شور مچانے کے دوران، ایک بندر نے اسے زور سے دھکا دیا، جس سے وہ چھت سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔ اہل خانہ نے فوری طور پر پریا کو قریبی اسپتال منتقل کیا، لیکن ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ موت کی وجہ سر، کمر اور دیگر حصوں پر گہرے زخم بتائی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی بندروں کے حملوں کے باعث ایسے واقعات پیش آچکے ہیں، اور ان حملوں سے انسانی جانیں خطرے میں ہیں۔

