ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والا شخص قومی سطح کا کھلاڑی نکلا۔بھارتی ذرائع کے مطابق 15 اور 16 جنوری کی درمیانی رات تقریباً 3 بجے ممبئی کے علاقے باندرا میں سیف علی خان کے اپارٹمنٹ میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے اداکار نے بہادری سے ناکام بنایا۔
حملہ آور نے چاقو کے وار کیے، جس سے سیف علی خان کو 6 زخم آئے، جن میں سے 2 شدید تھے اور ایک ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا۔ تاہم، علاج کے بعد انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ممبئی پولیس کے مطابق حملہ آور بنگلہ دیشی شہری ہے، جس کی شناخت 30 سالہ محمد شریف الاسلام شہزاد کے نام سے ہوئی۔ دوران تفتیش پتہ چلا کہ ملزم بنگلہ دیش میں قومی سطح کا پہلوان رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی جسمانی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے سیف علی خان پر کئی حملے کیے، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئے۔ مزید یہ کہ ملزم پر پہلے بھی ایک قیمتی انگوٹھی چوری کرنے کا الزام ہے۔

