قومی ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نے انکشاف کیا ہے کہ اچھی شکل و صورت ہونے کی وجہ سے انہیں نقصان اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ "خوبصورت دکھنے کا نقصان یہ ہوا کہ ہماری فیلڈ میں اگر آپ اچھے نظر آتے ہیں، اچھا لباس پہنتے ہیں اور گفتگو کا انداز بہتر ہے تو بعض لوگ حسد کرنا شروع کر دیتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستانی ٹیم میں بھی مجھے اس رویے کا سامنا رہا ہے، اور میں یہ بات اپنی صفائی میں نہیں کہہ رہا۔ میرے علاوہ بھی کئی لوگ ہیں جو اس صورتحال کا شکار ہوئے ہیں۔ اگر آپ کی فین فالوونگ بڑھتی ہے یا لوگ آپ کی تعریف کرتے ہیں تو بعض سینئرز کے لیے یہ قابل برداشت نہیں ہوتا۔"احمد شہزاد نے کہا کہ "ہم چھوٹے علاقوں سے آئے ہیں، میں انار کلی لاہور میں رہتا تھا۔ جب ملک کے لیے کھیلنے کا موقع ملا تو اپنی شخصیت کو نکھارا، بہتر بنایا، لیکن پاکستان میں اس چیز کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔"

