ممبئی / مانیٹرنگ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر یوزویندر چہل کی اہلیہ اور معروف ڈانسر دھناشری ورما سے طلاق کی خبروں پر چہل نے ردعمل دے کر مداحوں کو حیران کر دیا۔یوزویندر چہل نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنی حمایت کرنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے اور اہلیہ کے خلاف بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جس سے ان کے خاندان اور قریبی لوگوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بغیر تصدیق کے ایسی خبریں پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے رشتے کی رازداری کا احترام کیا جانا چاہیے اور ذاتی زندگی میں مداخلت کرنا انتہائی نامناسب عمل ہے۔
چہل نے اپنی اہلیہ دھناشری ورما کے ساتھ علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محبت کی کہانی کئی لوگوں کے لیے ایک متاثر کن مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کہانی کوویڈ کے دوران شروع ہوئی تھی اور دونوں نے اپنی محبت کو شادی کے بندھن میں باندھ کر مکمل کیا۔
تاہم، چہل اور دھناشری نے ابھی تک ان افواہوں کی باضابطہ تردید یا تصدیق نہیں کی ہے، لیکن دونوں نے علیحدگی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا ہے۔ علیحدگی کی افواہیں اس وقت شدت اختیار کر گئیں جب دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ان فالو کر دیا۔ چہل نے اپنی اہلیہ کی تصاویر بھی ہٹا دیں، لیکن دھناشری نے چہل کی تصاویر کو برقرار رکھا ہے۔
دوسری جانب، دھناشری ورما نے ان افواہوں پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دن ان کے اور ان کے خاندان کے لیے نہایت مشکل تھے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبروں اور ٹرولنگ کی وجہ سے ان کی شخصیت کو نشانہ بنایا گیا، جو بے حد افسوسناک ہے۔
سال کے آغاز کے صرف چھ دن بعد ہی چہل اور دھناشری کے درمیان علیحدگی کی افواہیں شدت اختیار کر گئیں۔ ایک میڈیا ادارے نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ دونوں کے درمیان معاملات خراب ہیں اور وہ الگ ہونے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دھناشری ورما، جو کہ پہلے ڈینٹسٹ تھیں، ایک کامیاب ڈانسر اور کوریوگرافر کے طور پر ابھریں۔ انہوں نے مشہور ریئلٹی شو "جھلک دکھلا جا" میں بھی حصہ لیا تھا۔ دھناشری اور چہل نے 8 اگست 2020 کو منگنی کی اور 22 دسمبر 2020 کو گڑگاؤں میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔

