خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، بانی تحریک انصاف عمران خان کو گزشتہ تین ماہ سے وکلا علی امین کے خلاف شکایات کر رہے تھے، جبکہ علی امین نے خود بھی سلمان اکرم راجا سے پارٹی عہدہ چھوڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید اکبر کو پارٹی کا صدر بنانے کے فیصلے میں علی امین کو شامل نہیں کیا گیا۔ عاطف خان اور جنید اکبر نے بانی تحریک انصاف سے ملاقات کے دوران علی امین کے خلاف گفتگو کی۔ اس ملاقات میں صوبے کی گورننس اور علی امین کے حالیہ مظاہروں میں کردار پر بھی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق، عمران خان نے ملاقات میں علی امین گنڈاپور پر شدید ناراضی ظاہر کی۔
پشاور / مانیٹرنگ ڈیسک: تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی رضامندی سے جنید اکبر کو پارٹی صدر بنایا گیا تھا اور علی امین پہلے ہی پارٹی قیادت کو کہہ چکے تھے کہ صوبائی صدر کا عہدہ کسی اور کو دے دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا علی امین گنڈاپور پر مکمل اعتماد برقرار ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور سے خیبرپختونخوا کی پارٹی صدارت واپس لے کر جنید اکبر کو نیا صوبائی صدر مقرر کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ اگست 2024 میں سابق وزیر شکیل خان کے حق میں بیان دینے پر علی امین نے جنید اکبر کو فوکل پرسن کے عہدے سے ہٹا دیا تھا اور ان کی جگہ شاہد خٹک کو تعینات کیا تھا۔

