لوئر کرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، جس سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق زخمی افسر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ذرائع کے مطابق انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور روانہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ آر پی او کوہاٹ نے بتایا کہ فائرنگ کسی فریق کی جانب سے نہیں بلکہ نامعلوم افراد کی طرف سے کی گئی۔ انتظامیہ نے قافلے کی روانگی کے لیے مشاورت اور صورتحال کے جائزے کے بعد اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ہی کرم تنازع پر فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت 3 ماہ بعد ٹل پارہ چنار شاہراہ کھولی جانی تھی۔

