لندن / مانیٹرنگ ڈیسک: کرکٹ کی دنیا حیرت انگیز واقعات سے بھری ہوئی ہے، جہاں کبھی کوئی فیلڈر ناقابلِ یقین کیچ پکڑ لیتا ہے تو کبھی کوئی بیٹر ایسا چھکا لگا دیتا ہے جو مدتوں یاد رہتا ہے۔
حال ہی میں انگلینڈ انڈر 19 اور جنوبی افریقا انڈر 19 کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ایک انوکھا رن آؤٹ دیکھنے کو ملا، جسے پہلی بار پیش آنے والا واقعہ کہنا غلط نہ ہوگا۔
واقعہ کچھ یوں پیش آیا کہ انگلینڈ کے بیٹر آریان ساونت نے جنوبی افریقی بولر جیسن رولیس کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلا، لیکن گیند شارٹ لیگ فیلڈر جوریچ وین کے ہیلمٹ سے ٹکرا کر وکٹوں سے جا لگی۔ آریان ساونت اس دوران اپنی کریز سے باہر تھے، جس کے باعث امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔ اس غیر معمولی واقعے کے دوران فیلڈر جوریچ وین کو چوٹ لگی اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
شائقین نے اس واقعے پر حیرت کا اظہار کیا۔ کچھ نے اس کے
نایاب ہونے کی تعریف کی، جبکہ دیگر نے کرکٹ کے خطرناک پہلو کی نشاندہی کی۔ یہ واقعہ یقینی طور پر کرکٹ کے غیر معمولی لمحات میں شمار کیا جائے گا۔

