لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستانی ماڈل اور میزبان متھیرا نے مشہور سوشل میڈیا شخصیت چاہت فتح علی خان کی جانب سے شیئر کی گئی غیر مناسب ویڈیو پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔کچھ دن پہلے چاہت فتح علی خان متھیرا کے شو میں مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔ بعدازاں، انہوں نے شو کی ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں چاہت فتح کو متھیرا سے ہاتھ ملانے اور انہیں گلے لگانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ متھیرا واضح طور پر غیر آرام دہ نظر آئیں اور خود کو ان سے دور رکھنے کی کوشش کرتی دکھائی دیں۔
متھیرا نے اس ویڈیو پر اپنے شو میں ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ویڈیو بغیر اجازت غلط زاویے سے بنائی گئی تھی اور سوشل میڈیا پر ان کی اجازت کے بغیر پوسٹ کی گئی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ویڈیو شو کے کیمروں کی بجائے کسی اور جگہ سے لی گئی اور ان کی ٹیم کو اس کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے یہ واقعہ ان کے لیے تکلیف دہ تھا، کیونکہ وہ ایسی حرکات کو پسند نہیں کرتیں۔ متھیرا نے مزید بتایا کہ ویڈیو کو ہٹانے کی درخواست کے باوجود چاہت فتح علی خان نے نہ تو ویڈیو ڈیلیٹ کی اور نہ ہی معذرت کی۔متھیرا نے اپنے ناظرین کو تنبیہ کی کہ وہ ان سے ملاقات کے دوران گلے لگانے یا ہاتھ ملانے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ شو کے اختتام پر جب وہ سیٹ سے روانہ ہونے والی تھیں اور ان کی گاڑی باہر موجود تھی، اس وقت چاہت فتح نے ویڈیو بنائی جس کے بعد وہ فوراً شو چھوڑ کر چلی گئیں۔

