چنئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر تلک ورما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں ایک منفرد ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔چنئی میں ہفتے کو کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دی۔ 166 رنز کا ہدف بھارت نے آخری اوور میں تلک ورما کی شاندار بیٹنگ کی بدولت حاصل کیا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر تلک ورما نے 55 گیندوں پر 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ سیریز میں 0-2 کی برتری بھی دلا دی۔
تلک ورما نے اس اننگز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ وہ بغیر آؤٹ ہوئے سب سے زیادہ مجموعی رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔ گزشتہ 4 اننگز میں انہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 318 رنز اسکور کیے، جن میں دو سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا حالیہ اسکور کچھ یوں ہے: 72، 19، 120، اور 107، اور وہ تمام اننگز میں ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں 271 رنز اسکور کیے تھے۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔

