واشنگٹن / مانیٹرنگ ڈیسک: ائیرپورٹ کے قریب ایک مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب امریکی ائیرلائن کی پرواز کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچ رہی تھی۔ حادثہ دریائے پوٹومیک کے قریب رن وے پر مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 48 منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ 166 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر رہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق، بمبارڈیئر CRJ700 طیارے میں 78 مسافروں کی گنجائش موجود تھی، لیکن حادثے کے وقت اس میں 64 مسافر سوار تھے۔ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد طیارہ دریائے پوٹومیک میں جاگرا۔ حادثے کے فوراً بعد غوطہ خوروں کو امدادی کاموں کے لیے تعینات کیا گیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک دریا سے 18 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب، امریکی فوجی حکام نے بتایا کہ تصادم میں شامل بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تربیتی مشن پر تھا اور اس میں تین اہلکار سوار تھے۔
حادثے کے بعد ریگن نیشنل ائیرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ اس واقعے سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی مطلع کیا گیا، جنہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ حادثے کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں اور جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

