اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ ان کی شادی اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے ہوئی تھی، جس سے شوبز حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب صحافی ارشاد بھٹی نے ان سے ڈرامہ "میرے پاس تم ہو" کے حوالے سے سوال کیا۔ ارشاد بھٹی نے سوال کیا کہ کیا ڈرامے کی کہانی ان کی زندگی سے متاثر تھی، جس میں ایک عورت اپنے شوہر کو چھوڑ کر کسی اور کے پاس چلی جاتی ہے۔ خلیل الرحمان قمر نے وضاحت دی کہ ان کا ڈرامہ ذاتی زندگی سے متاثر نہیں تھا، لیکن اس دوران انہوں نے اپنی شادی کا اعتراف کر لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ کی طلاق کا وہ سبب نہیں تھے اور یہ طلاق پہلے سے طے شدہ تھی۔
خلیل الرحمان قمر نے مزید بتایا کہ انہوں نے فیصل اور ان کی والدہ کو اس معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی تھی اور اس وقت ان کی فیصل کی سابقہ اہلیہ سے صرف دو ملاقاتیں ہوئی تھیں۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی شادی کے پیچھے کچھ وجوہات ہیں، جن پر وہ جلد کھل کر بات کریں گے۔ ان کا یہ بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے، اور لوگ اس کہانی کے مزید پہلو جاننے کے لیے بے چین ہیں۔ خلیل الرحمان قمر نے فیصل قریشی کو اپنا قریبی دوست اور ایک شاندار اداکار قرار دیتے ہوئے ان کے شوبز کیریئر میں اپنی مدد کا بھی ذکر کیا۔

