سڈنی / مانیٹرنگ ڈیسک: آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی بگ بیش لیگ کے دوران ایک میچ میں آگ لگنے کی وجہ سے کھیل کو عارضی طور پر روکنا پڑا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، جمعرات کو گابا اسٹیڈیم میں بگ بیش لیگ کے میچ میں برسبین ہیٹ اور ہوبارٹ ہریکینز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ ہریکینز کی ٹیم 202 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی کہ اننگز کے چوتھے اوور کے بعد اسکور بورڈ کے قریب واقع ڈی جے بوتھ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دھواں پھیلنے لگا۔
آگ دیکھ کر اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں موجود تماشائیوں میں کچھ افراتفری پھیل گئی، تاہم کھیل کچھ دیر کے لیے روکا گیا اور اسٹیڈیم کے عملے نے فوراً آگ پر قابو پا لیا۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ہریکینز نے آخری گیند پر 202 رنز کا ہدف پورا کرتے ہوئے میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

