ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بالی وڈ کے دو بڑے نام، شاہ رخ خان اور جیا بچن، ایک دوسرے کے ساتھ گہرے تعلق کا اعتراف کر چکے ہیں، لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا جب جیا بچن نے شاہ رخ کو تھپڑ مارنے کی خواہش ظاہر کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جیا بچن نے یہ بات اپنی بہو ایشوریا رائے کے حوالے سے کہی تھی۔ شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے نے ماضی میں کئی سپر ہٹ فلموں میں ساتھ کام کیا، جن میں "جوش"، "محبتیں" اور "دیوداس" شامل ہیں۔ تاہم 2000 کی دہائی کے اوائل میں ان کے پیشہ ورانہ اور ذاتی تعلقات میں تلخی پیدا ہو گئی، جس کے بعد دونوں نے ایک ساتھ کام کرنا بند کر دیا۔ ایشوریا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ شاہ رخ کی وجہ سے انہیں پانچ فلموں سے نکال دیا گیا، جن میں "چلتے چلتے" اور "ویر زارا" شامل تھیں۔ بعد میں، شاہ رخ نے معذرت کر کے ان معاملات کو ختم کر دیا۔
2008 کے ایک انٹرویو میں، جب جیا بچن سے اس بارے میں سوال کیا گیا، تو انہوں نے کہا، "اگر شاہ رخ میرے گھر آتے تو میں انہیں تھپڑ مار دیتی، جیسے اپنے بیٹے کو مار سکتی ہوں۔" انہوں نے شاہ رخ کے ایشوریا کے حوالے سے دیے گئے بیانات پر مایوسی کا اظہار بھی کیا۔رپورٹس کے مطابق، 2007 میں ابھیشیک اور ایشوریا کی شادی میں شاہ رخ خان شریک نہیں ہوئے کیونکہ ان کے ایشوریا کے ساتھ تعلقات کشیدہ تھے، حالانکہ ان کے بچن خاندان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے تھے۔ اس موقع پر جیا بچن نے کہا تھا کہ اگر ممکن ہوتا تو وہ شادی کی تاریخ تبدیل کر کے شاہ رخ کو مدعو کرتیں۔

