راولپنڈی,/ مانیٹرنگ ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئے ہیں، اور کسی کو بغیر پرفارمنس شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف شکست کی بنیاد پر پوری ٹیم کو تبدیل کر کے انڈر 19 کھلاڑیوں کو لانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑی مایوس ہیں کیونکہ جب ٹیم توقعات پر پورا نہیں اترتی تو سب سے زیادہ دکھ کھلاڑیوں کو ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 240 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے کے لیے وکٹیں لینا ضروری تھا، اور بھارت کے خلاف صرف مخصوص حکمت عملی نہیں، بلکہ ہر میچ کے لیے الگ پلاننگ ہوتی ہے۔ عاقب جاوید نے تسلیم کیا کہ بھارتی ٹیم تجربہ کار تھی جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کا زیادہ تجربہ نہیں، کیونکہ انہوں نے دیگر ٹیموں کے مقابلے میں کم میچز کھیلے ہیں۔
ٹیم سلیکشن پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر مطمئن تو نہیں، مگر جو ٹیم میدان میں اتری، وہی اس وقت دستیاب بہترین انتخاب تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی اور اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کا کام بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے، اور آئندہ بھی وہی فیصلے کیے جائیں گے جو ٹیم کے مفاد میں ہوں۔ تاہم، صرف شکست کی بنیاد پر پوری ٹیم کو تبدیل کرنا ممکن نہیں، بلکہ بہتری کے لیے مسلسل محنت جاری رکھنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب اگلے میچ کی تیاری پر مکمل توجہ دی جائے گی۔

.jpg)