لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ، شنیرا اکرم، نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کا نام طلاق یافتہ افراد کی فہرست میں دیکھ کر سخت ردِ عمل دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صفحے نے مختلف ممالک کے 12 موجودہ اور سابق کرکٹرز کی فہرست جاری کی، جس میں انہیں طلاق یافتہ قرار دیا گیا۔ اس فہرست میں وسیم اکرم اور بھارتی کھلاڑی انیل کمبلے کا نام بھی شامل تھا، حالانکہ یہ دعویٰ درست نہیں تھا۔ یہ پوسٹ شنیرا اکرم کی نظر سے گزری تو انہوں نے فوراً اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جھوٹی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس پوسٹ کو ری شیئر کیا اور لکھا کہ یہ پلیٹ فارمز نہ صرف چیزوں کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کرتے ہیں بلکہ درست معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت سے بھی محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خبروں کی تصدیق کیے بغیر انہیں شیئر کرنا غیر ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ وسیم اکرم نے اپنی پہلی اہلیہ ہما مفتی سے 12 اکتوبر 1993 کو پسند کی شادی کی تھی۔ ہما مفتی، جو ماہرِ نفسیات تھیں، نے انگلش لٹریچر اور سائیکالوجی میں ماسٹرز کیا تھا اور کچھ عرصہ شوکت خانم میموریل اسپتال میں بھی خدمات انجام دیں۔ تاہم، 2009 میں وہ 42 سال کی عمر میں علالت کے باعث انتقال کر گئیں۔ بعد ازاں، وسیم اکرم نے 2013 میں آسٹریلوی نژاد شنیرا اکرم سے شادی کی، جن سے ان کی ایک بیٹی، عائلہ، 2014 میں پیدا ہوئی۔
ادھر، سابق بھارتی کرکٹر انیل کمبلے نے 1999 میں چیتنا رامتیرتھا سے شادی کی، جو پہلے سے طلاق یافتہ تھیں۔ اس جوڑے کے دو بچے، مایاس کمبلے اور سواستی کمبلے ہیں، جبکہ انیل کمبلے نے اپنی سوتیلی بیٹی ارونی کو بھی گود لے رکھا ہے۔

