دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دبئی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت کی تاریخ اور وقت کا اعلان کر دیا۔آئی سی سی کے مطابق دبئی میں ہونے والے پاک بھارت میچ سمیت بھارت کے دیگر دو گروپ میچز اور پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو رہی ہے۔ شائقین آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے ٹکٹس خرید سکتے ہیں، جبکہ جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹس کی قیمت 125 درہم سے شروع ہوگی۔
مزید برآں، کراچی، لاہور، اور راولپنڈی میں شیڈول 10 میچز کے ٹکٹوں کی فزیکل فروخت آج (پیر) سے شروع ہو رہی ہے۔ جو لوگ فزیکل ٹکٹس خریدنا چاہتے ہیں، وہ ملک بھر میں 26 شہروں میں قائم 108 ٹی سی ایس مراکز سے دستیاب ٹکٹس حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والے میچز کی آن لائن ٹکٹ فروخت پہلے ہی گزشتہ منگل سے جاری ہے۔ جبکہ فائنل میچ کے ٹکٹس دبئی میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل کے اختتام کے بعد دستیاب ہوں گے۔

